امن و امان کے قیام کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس

 امن و امان کے قیام کیلئے ضلعی امن کمیٹی کا مشترکہ اجلاس

مجالس و جلوسوں کے شرکا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی:علی اکبر بھنڈر

جھنگ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر جھنگ علی اکبر بھنڈر اور ڈی پی او ساجد حسین کی زیر صدارت محرم الحرام کے دوران امن و امان کے قیام، بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے حوالے سے ضلعی امن کمیٹی اور بین المذاہب ہم آہنگی کمیٹی کا مشترکہ اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام، مذہبی رہنماؤں، امن کمیٹی کے اراکین، ضلعی افسران اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندگان نے شرکت کی۔اجلاس میں محرم الحرام کے دوران مجالس اور جلوسوں کے پرامن انعقاد، سکیورٹی انتظامات، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، بجلی، پانی اور دیگر شہری سہولیات کی فراہمی سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھنڈر نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران امن، رواداری، برداشت اور بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے اور مجالس و جلوسوں کے شرکا کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ڈی پی او ساجد حسین نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے دوران فول پروف سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔

حساس مقامات کی کڑی نگرانی، مؤثر گشت، داخلی و خارجی راستوں کی مانیٹرنگ اور دیگر حفاظتی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔اجلاس میں شرکاء نے اس امر پر اتفاق کیا کہ محرم الحرام کے دوران مذہبی ہم آہنگی، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔ اجلاس کے شرکاء نے بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے فروغ کے لیے مشترکہ کاوشوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں سیکیورٹی اور انتظامی انتظامات کو مزید مؤثر اور مربوط بنانے پر اتفاق کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں