نہروں پر نہانے کی پابندی نظرانداز، ڈوبنے کے واقعات عام
انتظامیہ پابندی پر عملدرآمد نہ کروا سکی ،غفلت سے بچہ نہر میں ڈوب کر جاں بحق
فیصل آباد،تاندلیانوالہ(ذوالقرنین طاہر سے،نمائندہ دنیا)ضلعی انتظامیہ نہروں پر نہانے کی پابندی پر عملدرآمد نہ کروا سکی آئے روز بچوں اور نوجوانوں کے نہر میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق ہونے کی اطلاعات ملن کے باوجود کوئی توجہ نہیں دی جارہی گزشتہ روز تاندلیانوالہ میں 8سالہ باسط نہر میں نہاتے ڈوب کر جاں بحق ہوگیا ۔فیصل آباد میں نہر رکھ برانچ اور جڑانوالہ کی نہر گوگیرہ برانچ میں نوجوانوں اور بچوں کے ڈوبنے کے متعدد واقعات سامنے آچکے ہیں ضلعی انتظامیہ کو تاحال ہوش نہ آیا گرمی کی شدت سے بچنے کیلئے بچوں اور نوجوانوں کی بڑی تعداد نہروں کا رخ کررہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ شہر کو خوبصورت بنانے کی دوڑ میں لگی ہوئی ہے مگر انسانی زندگیوں کو محفوظ بنانے پر توجہ نہیں دی جارہی نہروں اور راجباہوں میں نہانے پر دفعہ 144نافذ ہے تاہم اس پر مؤثر عملدرآمد نہ ہونے پر ہر سال قیمتی جانیں ضائع ہو جاتی ہیں نہروں میں نہانے پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔