آر پی او اور کیڈٹ کالج کے درمیان ایم او یو پر دستخط

 آر پی او اور کیڈٹ کالج کے درمیان ایم او یو پر دستخط

پو لیس افسروں کے بچوں کو ماہانہ ٹیوشن فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائیگی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر)ریجنل پولیس فیصل آباد اور کیڈٹ کالج فیصل آباد کے درمیان پولیس افسران کے بچوں کو معیاری اور اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کر دیے گئے ۔معاہدے پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا اور کیڈٹ کالج فیصل آباد کے کمانڈنٹ برگیڈیئر (ر) ڈاکٹر عبدالحمید نے دستخط کیے ۔معاہدے کے مطابق پولیس شہدا اور دورانِ سروس وفات پانے والے افسران کے بچوں کو ماہانہ ٹیوشن فیس میں 100 فیصد رعایت دی جائے گی، جبکہ حاضر سروس پولیس افسران کے بچوں کو 50 فیصد فیس رعایت فراہم کی جائے گی۔ اسی طرح ریٹائرڈ پولیس افسران کے بچوں کو فیس واؤچر میں 50 ہزار روپے تک خصوصی رعایت دی جائے گی۔

کیڈٹ کالج فیصل آباد میں پولیس افسران کے بچوں کو داخلوں میں ترجیح دی جائے گی اور انہیں معیاری تعلیم کے ساتھ نظم و ضبط اور لیڈرشپ گرومنگ کے خصوصی مواقع فراہم کیے جائیں گے ۔معاہدے کے تحت طلبہ کی کیریئر کونسلنگ اور مستقبل کے شعبوں کے انتخاب کے لیے رہنمائی بھی فراہم کی جائے گی۔ پولیس افسران کے بچوں کے لیے ISSB کی تیاری کے لیے مفت کلاسز کا اہتمام کیا جائے گا جبکہ سائبر کرائم سے بچاؤ اور ڈیجیٹل سکیورٹی سے متعلق آگاہی پروگرامز بھی منعقد کیے جائیں گے۔ اس موقع پر آر پی او فیصل آباد سہیل اختر سکھیرا نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے پولیس ملازمین کے بچے بغیر کسی تعلیمی پریشانی کے اپنے تعلیمی سفر کو جاری رکھ سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس افسران کے بچوں کو معیاری اور سستی تعلیم فراہم کرنا محکمہ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں