سنی تحریک کا امن کیلئے ضلعی انتظامیہ سے مکمل تعاون کا عزم
پیغام امن، اتحاد بین المسلمین اور اتحاد امت کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)پاکستان سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈینیٹر (پولیٹیکل ونگ) اور ممبر ضلعی امن کمیٹی پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں قیام امن کے لیے ضلعی و پولیس انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کیا جائے گا۔انہوں نے یہ بات ڈویژنل پبلک سیکرٹریٹ میں محرم الحرام کے دوران قیام امن کے حوالے سے منعقدہ ذمہ داران کے اہم اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع اور تمام صوبائی حلقہ جات میں پیغام امن، اتحاد بین المسلمین اور اتحاد امت کے پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ امن کو مضبوط بنا کر ہی پاکستان کو معاشی قوت بنایا جا سکتا ہے ۔ ان کے مطابق اسلام اور پاکستان کے دشمن ہمیں تقسیم کرنے کی سازشوں میں مصروف ہیں، جن کا مقابلہ اتحاد اور باہمی رواداری سے ہی ممکن ہے ۔پروفیسر پیر میاں محمد آصف رضا قادری نے کہا کہ قرآن و سنت کو مرکز و محور بنا کر ہی اتحاد امت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام اہل بیت اطہارؓ کی عظیم قربانیوں کا پیغام دیتا ہے ، جنہوں نے اسلامی اقدار کے تحفظ کے لیے لازوال مثالیں قائم کیں۔