صحتمند افراد اور طالبعلم رضاکارانہ خون کا عطیہ دیں:کمشنر
بلڈ ڈونر ڈے پرسندس فاؤنڈیشن کادورہ ،تھیلی سیمیا کے مریضوں کوتحائف تقسیم
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ورلڈ بلڈ ڈونر ڈے کے موقع پرکمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبیں تھیلی سیمیا اور ہیمو فیلیا کے مریضوں کا حوصلہ بڑھانے سندس فاؤنڈیشن پہنچ گئیں۔انہوں نے مریضوں کی صحت دریافت اور ان میں تحائف تقسیم کئے اور جان بچانے کیلئے رضاکارانہ بلڈ ڈونیشن کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ خون کا عطیہ دراصل کسی کیلئے زندگی کی کرن ہے ۔انہوں نے سندس فاؤنڈیشن کی سٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹری کا معائنہ بھی کیا۔
انچارج فاؤنڈیشن کاشف پرویز نے کمشنر کو سندس فاؤنڈیشن کی ورکنگ،رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد اور خون کے عطیات کی فراہمی بارے آگاہ کیا۔کمشنر نے سندس فاؤنڈیشن کی بے لوث انسانی خدمت کے عمل کو سراہا اور ڈویژنل انتظامیہ کی طرف سے فلاحی اداروں کی حوصلہ افزائی جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ دن خون کے عطیہ کی اہمیت کو اجاگراور رضاکارانہ طور پر خون عطیہ کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتاہے ۔انہوں نے کہا کہ صحتمند افراد اور طالبعلم رضاکارانہ طور پر خون کا عطیہ ضرور کریں جو کسی ضرورت مند کیلئے زندگی کا پیغام بن سکتا ہے۔