محرم الحرام:جڑانوالہ میں عزاداروں کی سکیورٹی ہائی الرٹ
ریسکیو 1122 جڑانوالہ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ، 2 فائر ٹرکس ہائی الرٹ
جڑانوالہ(نمائندہ دنیا)محرم الحرام کے دوران عزاداروں کو فوری طبی امداد اور سکیورٹی فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 جڑانوالہ نے ہنگامی پلان تشکیل دے دیا۔ضلعی ایمرجنسی آفیسر کی ہدایات پر محرم الحرام کے ایام میں ریسکیو 1122 جڑانوالہ کے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے ۔ریسکیو 1122 کے مطابق 68 تربیت یافتہ ریسکیورز ڈیوٹی انجام دیں گے ، جبکہ 4 ایمبولینسز اور 4 موٹر بائیک ایمبولینسز مختلف جلوسوں کے روٹس پر تعینات رہیں گی۔
اسی طرح 2 فائر ٹرکس ہائی الرٹ رہیں گے اور جلوسوں کے راستوں پر موجود ہوں گے ، جبکہ 2 ریسکیو وہیکلز کسی بھی بڑے حادثے کی صورت میں فوری رسپانس دیں گی۔محرم الحرام کے دوران مختلف حساس مقامات پر 12 عارضی ریسکیو پوسٹس بھی قائم کی جائیں گی، جہاں ریسکیورز عزاداروں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کریں گے ۔ریسکیو 1122 کی ٹیمیں جلوسوں کے تمام روٹس، مجالس اور مرکزی مقامات پر 24 گھنٹے تعینات رہیں گی تاکہ فرسٹ ایڈ، آگ بجھانے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت امدادی کارروائیاں یقینی بنائی جا سکیں۔