یومِ عاشور:تمام انتظامات مکمل، ضلعی انتظامیہ و پولیس کو ہدایات

یومِ عاشور:تمام انتظامات مکمل، ضلعی انتظامیہ و پولیس کو ہدایات

انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے عمر میلہ کا اجلاس متعلقہ افسروں کو ہدایت

ٹو بہ ٹیک سنگھ(ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عمر میلہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اخلاق اللہ تارڑ کی زیر صدارت یومِ عاشورہ کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈی ایس پیز اور متعلقہ محکموں کے افسروں نے شرکت کی۔اجلاس میں یومِ عاشورہ کے جلوسوں، مجالس اور سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں اور مجالس کے مقررہ اوقات اور طے شدہ روٹس پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے ۔اجلاس کے دوران سکیورٹی، ٹریفک مینجمنٹ، صفائی ستھرائی، لائٹنگ، طبی سہولیات اور ایمرجنسی رسپانس پلان سمیت دیگر انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

افسران کو ہدایت کی گئی کہ یومِ عاشورہ کے پرامن انعقاد کے لیے امن کمیٹیوں، جلوس و مجالس کے منتظمین، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے درمیان مؤثر رابطہ اور مکمل ہم آہنگی برقرار رکھی جائے ۔اجلاس میں سوشل میڈیا پر نفرت انگیز اور اشتعال انگیز مواد کی نگرانی کے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ کسی بھی شرپسند سرگرمی کا بروقت تدارک کیا جا سکے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ عزاداروں کو محفوظ، پرامن اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے ، جبکہ ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ ضلع میں امن و امان کے قیام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور کسی بھی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں