آرٹ اینڈ ڈیزائن کی تعلیم تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتی :ڈاکٹر کنول

آرٹ اینڈ ڈیزائن کی تعلیم تخلیقی صلاحیتوں کو نکھارتی :ڈاکٹر کنول

طالبات نے تخلیقی رجحانات پر مبنی 45 منفرد فائنل تھیسس منصوبے پیش کیے

فیصل آباد (نیوز رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین نے کہا ہے کہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی تعلیم طلبہ میں تخلیقی سوچ، جدت اور جمالیاتی شعور کو فروغ دیتی ہے ، جس کے ذریعے وہ اپنے خیالات کو مؤثر بصری انداز میں پیش کرنے اور عملی زندگی کے مسائل کے تخلیقی حل تلاش کرنے کے قابل بنتے ہیں۔انہوں نے یہ بات شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کی طالبات کے چھٹے تھیسس فیشن نمائش کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نجی شاپنگ مال میں منعقدہ نمائش میں طالبات نے ٹیکسٹائل، ثقافتی ورثے ، جدید ڈیزائننگ اور تخلیقی رجحانات پر مبنی 45 منفرد فائنل تھیسس منصوبے پیش کیے ۔

تقریب میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغئہ امتیاز) مہمانِ خصوصی جبکہ ٹیکسٹائل ماہر آمنہ خرم، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی وائس پریزیڈنٹ قرۃ العین اور شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کی سربراہ ڈاکٹر عائشہ حسین مہمانانِ اعزاز کے طور پر شریک ہوئیں۔ انہوں نے طالبات کے تخلیقی کام اور فنی مہارت کو سراہا۔ غنویٰ صابر نے صحت کی اہمیت اور سگریٹ نوشی کے مضر اثرات، نمرہ انیس نے تصور کو لباس کی صورت میں پیش کرنے ، جبکہ ثمرہ لیاقت نے انسانی رویوں کو سمندری گھوڑے کے ڈھانچے کی ساخت سے ہم آہنگ کرتے ہوئے منفرد ڈیزائن پیش کیے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں