پیغامِ حسینؓ عام کرنے کی ضرورت ہے :علامہ عبدالرشید
حضرت امام حسینؓ نے حق پر استقامت کی مثال قائم کی:شہادت کانفرنس سے خطاب
فیصل آباد (سٹی رپورٹر)مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے ناظمِ اعلیٰ علامہ عبدالرشید حجازی نے کہا ہے کہ یادِ حسینؓ منانے سے بڑھ کر پیغامِ حسینؓ کو عام کرنے کی ضرورت ہے ۔ نواسئہ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ نے میدانِ کربلا میں ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے حق و صداقت کی خاطر اپنی جان کا نذرانہ پیش کرکے رہتی دنیا تک حق پر استقامت کی مثال قائم کی۔مرکز سیدنا حسین بن علیؓ تلیاں والا میں منعقدہ شہادت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی ناظم قاری محمد ارشد، خالد محمود اعظم آبادی، قاری عبدالرحمن عابد، حافظ ولید خالد اور دیگر مقررین نے کہا کہ اسلامی تاریخ عظیم قربانیوں سے عبارت ہے اور شہدائے اسلام کا تذکرہ ایمان کو تازگی بخشتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ نے حضرت امام حسینؓ کی عظمت و محبت کو امت کے لیے واضح فرمایا، لہٰذا اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے ۔مقررین نے کہا کہ واقعئہ کربلا اسلامی تاریخ کا نہایت المناک باب ہے ، جہاں حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقاء نے ظلم کے مقابلے میں صبر، استقامت اور حق کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج کے حالات میں مذہبی ہم آہنگی، اتحاد اور بین المسالک رواداری کے فروغ کیلئے معاشرے کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔