ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں : عمر میلہ
ڈپٹی کمشنر نے صدر بازار میں بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن منصوبے کا جائزہ لیا
ٹو بہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ضلع بھر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسروں کو منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے ٹیکو پارک کا دورہ کیا، جہاں تاریخی ورثے کی بحالی، واکنگ ٹریک، راہداریوں پر ٹف ٹائلز کی تنصیب، گزیبوز، بینچز، مصنوعی جھیل، بچوں کے کھیل کے میدان اور چاردیواری کی تعمیر سمیت جاری کاموں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبہ بروقت مکمل کرکے شہریوں کو جدید، محفوظ اور ثقافتی طرز کا تفریحی مرکز فراہم کیا جائے ۔بعدازاں ڈپٹی کمشنر نے صدر بازار میں بیوٹیفکیشن اور اپ گریڈیشن منصوبے کا جائزہ لیا، جہاں سیوریج نظام کی بہتری، فائبر گلاس شیڈز، جدید اسٹریٹ لائٹس، بینچز، فوارے ، ڈسٹ بنز، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور بجلی کے نظام کو زیرزمین منتقل کرنے کے کام جاری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بازاروں کو جدید خطوط پر استوار کرکے شہریوں اور تاجروں کو بہتر، محفوظ اور معیاری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے گنج شکر پارک، اکال والا روڈ پر زیرِ تعمیر جدید ارینا سپورٹس کمپلیکس کا بھی دورہ کیا۔