ڈپٹی کمشنر عائشہ اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید کا کنٹرول روم کا دورہ
جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کرکے سہولیات کے بارے میں دریافت کیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان، ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف اور پاک آرمی کے افسران نے یومِ عاشورہ کے موقع پر مرکزی جلوسوں کی مانیٹرنگ کے لیے میدان ترکھانہ میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور جلوسوں کے اختتام تک وہاں موجود رہ کر سکیورٹی سمیت تمام انتظامات کی نگرانی کرتے رہے ۔اس موقع پر منتظمین جلوس، امن کمیٹی کے اراکین، ایڈمنسٹریٹر واثق عباس ہرل، اسسٹنٹ کمشنر شائستہ جبین، پولیس افسروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔
افسروں نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کرکے انتظامات اور فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں جلوسوں اور مجالس کے لیے سکیورٹی سمیت تمام انتظامات مؤثر انداز میں یقینی بنائے گئے ۔ عزاداروں کو ضلعی حکومت کی جانب سے قائم سبیلوں پر ٹھنڈا پانی، میٹھا شربت اور جوس فراہم کیا گیا، جبکہ جلوسوں کے راستوں پر اینٹی سموگ گن کے ذریعے وقفے وقفے سے پانی کا چھڑکاؤ بھی کیا جاتا رہا۔
انہوں نے بتایا کہ محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 کی جانب سے میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے جہاں عزاداروں کو فوری طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ جلوسوں اور مجالس کی سیف سٹی اور ضلعی کنٹرول رومز سے ڈرونز اور سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی گئی، انہوں نے امن و امان کی فضا برقرار رکھنے میں مثالی تعاون پر امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر متعلقہ اداروں کا بھی شکریہ ادا کیا۔