فیصل آباد ڈویژن : 1528 جلوس، 4402 مجالس اختتام پذیر
15 ہزار سے زائد پولیس فورس تعینات رہی ،وزیر اعلیٰ کو لمحہ بہ لمحہ رپورٹس دی گئیں
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر)فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم الحرام کے دوران نکالے گئے 1528 جلوس اور منعقد ہونے والی 4402 مجالس پرامن ماحول میں خیریت سے اختتام پذیر ہو گئیں۔ اس موقع پر ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی تمام مشینری اور ریجن کی 15 ہزار سے زائد پولیس فورس نے دن رات مستعدی سے فرائض انجام دئیے ۔ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی، مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں، پاک آرمی، قانون نافذ کرنے والے اداروں، امن کمیٹیوں کے ارکان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے انتظامیہ کے ساتھ بھرپور تعاون کیا اور جلوسوں کے دوران امن و امان کے قیام میں اہم کردار ادا کیا۔
کمشنر فیصل آباد مسرت جبیں، آر پی او سہیل اختر سکھیرا، ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر اور سی پی او تنویر حسین نے یومِ عاشور کے جلوسوں کے روٹس پر سکیورٹی اور انتظامی اقدامات کی مسلسل نگرانی کی، جبکہ لمحہ بہ لمحہ صورتحال کی رپورٹس وزیراعلیٰ پنجاب کو ارسال کی جاتی رہیں۔جلوسوں کے راستوں پر انتظامیہ کی جانب سے 60 سے زائد سبیلیں قائم کی گئیں جہاں عزاداروں کے لیے ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی وافر فراہمی یقینی بنائی گئی۔ شدید گرمی کے پیشِ نظر پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار جلوسوں کے روٹس پر اینٹی سموگ گنز کے ذریعے مسلسل پانی کا چھڑکاؤ کیا گیا تاکہ عزاداروں کو خوشگوار ماحول فراہم کیا جا سکے ۔انتظامی افسران نے جلوسوں کے منتظمین سے ملاقاتیں کرکے انتظامات کا جائزہ لیا اور اطمینان کا اظہار کیا۔ کمشنر نے میڈیکل کیمپس کا معائنہ کیا اور بریگیڈیئر پاک آرمی یاسین کے ہمراہ سیف سٹی کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کا دورہ کرکے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے جلوسوں کی مانیٹرنگ کا جائزہ لیا۔