تعمیراتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں :عائشہ رضوان
ڈپٹی کمشنر کا ایکسین ہائی ویز کے ہمراہ چنیوٹ میں ترقیاتی کاموں کاجائزہ ،ہدایات جاری
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر)ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ایکسین ہائی ویز کے ہمراہ زیر تعمیر چنیوٹ فیصل آباد ون وے روڈ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں، کام کے معیار، رفتار اور مختلف مراحل کا جائزہ لیا جبکہ سڑک کے درمیان قائم گرین بیلٹ پر شجرکاری کے جاری کام کا بھی معائنہ کیا۔ ایکسین ہائی ویز نے ڈپٹی کمشنر کو منصوبوں پر بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو جلد بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے گرین بیلٹ پر زیادہ سے زیادہ درخت لگانے، انکی مناسب دیکھ بھال اور سڑک کے اطراف خوبصورتی برقرار رکھنے کیلئے مؤثر اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ شجرکاری نہ صرف ماحول کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوگی بلکہ شہر کی خوبصورتی میں بھی اضافہ کرے گی۔ انہوں نے سڑک کے کناروں کی صفائی، تزئین و آرائش، لینڈ اسکیپنگ اور دیگر ترقیاتی امور پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کرتے ہوئے متعلقہ افسروں کو تاکید کی کہ منصوبے کے ہر مرحلے کی مسلسل نگرانی کی جائے ۔ڈپٹی کمشنر نے شہر کے ایریا میں جاری تعمیراتی کام کی رفتار مزید تیز کرنے کی ہدایت دیتے کہا کہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کے خاتمے اور ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کیلئے منصوبے کی جلد تکمیل ناگزیر ہے۔