فوڈ اتھارٹی کا چھاپہ،95 من ملاوٹی مصالحہ برآمد،یونٹ سیل
چک 219 تلیانوالہ روڈ پر قائم نجی یونٹ سے ملزم گرفتار کر لیا گیا، مقدمہ درج
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)فوڈ اتھارٹی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے نجی یونٹ سے کیمیکل زدہ خشخاش اور دھنیا کی بڑی کھیپ برآمد کرلی،ملزم رنگے ہاتھوں گرفتار کرکے یونٹ سیل کردیاگیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد کے علاقے تلیانوالہ روڈ پر فوڈ سیفٹی ٹیموں کی جانب سے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین کی سربراہی میں کاروائی کرتے ہوئے چک 219 تلیانوالہ روڈ پر قائم نجی یونٹ کو چیک کیا گیا جہاں ملزم ایکسپائر خشخاش اور دھنیا کو خطرناک اور مضر صحت کیمیکل سے دھو کر تیار کر رہا تھا، کیمیکل سے دھو کر خشخاش اور دھنیا کو ممنوعہ رنگ لگا کر اصل جیسا بنایا جارہا تھا، کارروائی کے دوران یونٹ سے 3ہزار کلو خشخاش، 800 کلو دھنیا، 120لٹر کیمیکل اور ممنوعہ رنگ قبضہ میں لے لیاگیا جبکہ ملزم کو گرفتار کرکے اسکے خلاف مقدمہ درج کرکے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔