این اے 100 میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم
سیوریج نالیاں،کھال بند ہونے سے علاقے جوہڑ بن گئے ، مکینوں کااحتجاج
ٹھیکریوالا(نمائندہ دنیا)حلقہ این اے 100 میں نکاسی آب کا نظام درہم برہم،سیوریج نالیاں،کھال بند ہونے سے علاقے جوہڑوں میں بدل گئے ۔حلقہ این اے 100 اور پی پی 108 کے علاقہ جھنگ روڈ چک 67 ج ب سدھار محلہ ملک آباد میں نکاسی آب اور سیوریج کا مناسب نظام نہ ہونے پرگندا پانی گلیوں،بازاروں اور راستوں میں جمع ہو گیا،جس سے علاقہ مکین شدید مشکلات اور اذیت کا شکار ہیں۔ شہریوں نے احتجاج کرتے کہا وزیراعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے دعوئوں کے باوجود علاقے میں صفائی اور نکاسی آب کی صورتحال انتہائی خراب ہے علاقے میں گندا پانی جمع ہونے پر گلیاں اور راستے تالاب کا منظر پیش کر رہے ہیں۔
بچوں،خواتین اور بزرگوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مکینوں کا کہنا ہے کہ گندے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور مختلف بیماریوں کے پھیلاؤ کا خدشہ ہے ،متعدد بار متعلقہ انتظامیہ اور اداروں کو صورتحال سے آگاہ کیا گیا،تاہم تاحال مسئلے کا مستقل حل نہیں نکالا جا سکا۔چند ماہ قبل اسی جمع شدہ پانی کے جوہڑ میں کھیلنے کے دوران کمسن بچی ڈوب کر جاں بحق ہو چکی ہے ، اسکے باوجود موثر اقدامات نہیں کیے گئے ۔ کسی کے انتقال پرنماز جنازہ اور تدفین کیلئے بھی گندے پانی اور جوہڑوں سے گزر کر جانا پڑتا ہے۔ علاقہ مکینوں نے پرامن احتجاج کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ،واسا،ایف ڈبلیو ایم سی اور دیگر متعلقہ اداروں سے فوری نوٹس لینے اور علاقے سے پانی کی نکاسی کا مطالبہ کیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments