چنیوٹ:ڈپٹی کمشنر کا شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کا حکم
اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں نے عائشہ رضوان کو اپنے مسائل سے آ گاہ کیا
چنیوٹ(ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے ڈی سی آفس میں اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کی اور مختلف علاقوں سے آنے والے سائلین کے انفرادی و اجتماعی مسائل اور شکایات تفصیل سے سنیں۔ شہریوں نے اپنے مسائل سے متعلق درخواستیں پیش کرتے ہوئے مختلف سرکاری محکموں سے متعلق درپیش مشکلات سے ڈپٹی کمشنر کو آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے شہریوں کی شکایات کا بغور جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ محکموں کے افسران کو موقع پر ہی ضروری احکامات جاری کیے اور ہدایت کی کہ عوامی مسائل کے حل کیلئے فوری اور مؤثر اقدامات اٹھائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام درخواستوں پر میرٹ، شفافیت اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے مقررہ مدت میں سائلین کو ریلیف فراہم کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو جائز مسائل کے حل کیلئے بلاوجہ سرکاری دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور نہیں کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کیلئے تمام ممکنہ اقدامات یقینی بنا رہی ہے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کا بنیادی مقصد شہریوں تک براہ راست رسائی، شکایات کا فوری ازالہ اور سرکاری اداروں پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانا ہے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ شہریوں کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آئیں، ان کی درخواستوں کو ترجیحی بنیادوں پر سنیں اور ہر معاملے میں قانون و ضابطے کے مطابق فوری کارروائی یقینی بنائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments