تعطیل کے باوجود ضلع بھر میں صفائی کی خصوصی سرگرمیاں جاری
شاہراہوں اور سڑکوں کی دھلائی، پانی کے چھڑکاؤ ودیگر سرگرمیوں کو یقینی بنایا گیا
فیصل آباد(خصوصی رپورٹر)ورلڈ کلین اپ ڈے کے موقع پر ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عابد بھٹی کی ہدایات پر اتوار کی تعطیل کے باوجود ضلع بھر میں صفائی کی خصوصی سرگرمیاں جاری رہیں۔ خصوصی کلین اپ آپریشن کے تحت مختلف علاقوں میں ہیوی مشینری اور سینیٹری ورکرز کی مدد سے کھلے پلاٹوں، خالی جگہوں اور دیگر مقامات سے کچرے کے ڈھیروں کی صفائی کی گئی جبکہ شہری علاقوں میں صفائی کے معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے فیلڈ ٹیموں نے بھی خصوصی صفائی آپریشن جاری رکھا۔ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی جانب سے سموگ کے تدارک اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی کے لیے بھی خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
اس سلسلے میں اہم شاہراہوں اور مختلف علاقوں میں سڑکوں کی دھلائی، پانی کے چھڑکاؤ اور صفائی کی دیگر سرگرمیوں کو یقینی بنایا گیا تاکہ گردوغبار میں کمی اور صاف ستھرا ماحول برقرار رکھنے میں مدد مل سکے ۔ ایم ڈی ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد عابد بھٹی نے کہا کہ ورلڈ کلین اپ ڈے کا مقصد بھی صفائی کے حوالے سے عوامی شعور اجاگر کرنا اور اجتماعی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینا ہے ۔ ستھرا پنجاب ایجنسی فیصل آباد کی فیلڈ ٹیمیں اتوار کی چھٹی کے باوجود شہریوں کو بہتر صفائی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے متحرک ہیں اور ضلع بھر میں صفائی کے اقدامات کا سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔ شہری بھی صفائی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں، کچرا مقررہ مقامات پر ڈالیں اور اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments