سالانہ خاتم النبیین کانفرنس، علما و مشائخ کا ملی یکجہتی پر زور
حرمین شریفین پر حملے اور کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کی مذمت
فیصل آباد(سٹی رپورٹر) ادارہ مرکز اسلام اینڈ ٹریننگ فورم رجسٹرڈ کے زیر اہتمام بلال روڈ پر سالانہ خاتم النبیین ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروفیسر ڈاکٹر محمد عطا المصطفیٰ بہادر، مدیر اعلیٰ ادارہ، نے بطور میزبان و منتظم خدمات انجام دیں جبکہ جے یو پی کے ضلعی صدر مفتی عبدالشکور رضوی سرپرست تھے ۔ کانفرنس میں علما و مشائخ اور مفتیان کرام نے بھرپور شرکت کی۔کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ممتاز عالم دین علامہ محمد ریاض کھرل نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ اللہ تعالیٰ کے آخری نبی ہیں اور ختم نبوت مسلمانوں کے بنیادی عقائد میں شامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضور اکرم ﷺ کی حیات طیبہ رہتی دنیا تک مینارہ نور، سرچشمہ ہدایت اور مشعل راہ ہے۔
علما کرام کا ملی فریضہ ہے کہ کتاب اللہ اور سنت رسول ﷺ کا پیغام نسل نو تک پہنچائیں تاکہ معاشرہ اسلامی تعلیمات سے روشناس ہو اور قومی یکجہتی، برداشت، تحمل، رواداری، اخوت، یگانگت اور تکریم انسانیت کو فروغ حاصل ہو۔ڈاکٹر بدیع الزمان، علامہ عزیز الحسن اعوان، پیر محمد عبدالرحمن، علامہ محمد تنویر طاہر اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کرتے ہوئے قومی اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیا۔ مقررین نے کہا کہ امت مسلمہ کو اپنے اتحاد اور باہمی اتفاق کو مضبوط بنانا چاہیے جبکہ اہل وطن سے اپیل کی کہ ملک و ملت کے خلاف مذموم عزائم کا مقابلہ قومی یکجہتی اور اتحاد کے ذریعے کیا جائے ۔مقررین نے حرمین شریفین پر حملے اور کوہاٹ پولیس لائنز کی مسجد میں خودکش دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہدا کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments