ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کے مزید 37 ممبران منتخب
ڈی جی آصف چودھری نے نئے امیدواروں کے انٹرویو سیشن کی صدارت کی
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے لیے مزید 37 امیدواروں کو منتخب کرلیا گیا ہے ، جس کے بعد سپورٹس کمپلیکس کے مجموعی ممبران کی تعداد 376 ہوگئی ہے ۔ چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی و کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایت پر ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی محمد آصف چودھری نے ایف ڈی اے کمپلیکس کے کمیٹی روم میں نئے ممبرشپ امیدواروں کے انٹرویو سیشن کی صدارت کی۔ اس موقع پر امیدواروں کے کوائف، اہلیت اور ممبرشپ سے متعلق دیگر امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جس کے بعد 37 امیدواروں کو سپورٹس کمپلیکس کی ممبرشپ کے لیے کلیئر کردیا گیا۔ ڈائریکٹر آئی ٹی ایف ڈی اے یاسر اعجاز چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ آصف چودھری نے ممبرشپ کے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایف ڈی اے سٹی سپورٹس کمپلیکس میں شہریوں کو ان ڈور کھیلوں کے لیے جدید اور بین الاقوامی معیار کی سہولیات فراہم کی گئی ہیں، جہاں کھیلوں کے شائقین کو محفوظ، منظم اور سازگار ماحول میں اپنی پسند کے کھیلوں سے وابستہ ہونے کے مواقع میسر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل جسمانی صحت اور تندرستی کے ساتھ ذہنی نشوونما، نظم و ضبط، خود اعتمادی، ٹیم ورک، باہمی تعاون اور مثبت سوچ کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ڈی جی ایف ڈی اے نے نئے منتخب ممبران پر زور دیا کہ وہ سپورٹس کمپلیکس میں نافذ قواعد و ضوابط، ہدایات اور نظم و ضبط کی مکمل پابندی کریں اور دستیاب سہولیات کا ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نظم و ضبط کی خلاف ورزی کی صورت میں قصوروار ممبر کی ممبرشپ منسوخ کرکے اسے بلیک لسٹ کردیا جائے گا اور وہ کسی دوسرے کلب کی ممبرشپ کے لیے بھی اہل نہیں ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments