زرعی یونیورسٹی اور پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ میں تعاون پر اتفاق

زرعی یونیورسٹی اور پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ میں تعاون پر اتفاق

نوجوانوں اور کاشتکاروں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری :وی سی

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ اور زرعی یونیورسٹی فیصل آباد نے اسکلز فار ایگریکلچر اینڈ گرین انوائرمنٹ پروگرام کے تحت زرعی شعبے کے مختلف شعبوں میں کسانوں اور دیہی نوجوانوں کی استعداد کار بڑھانے اور فنی مہارتیں فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کاوشوں پر اتفاق کیا ہے ۔اس حوالے سے پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے سربراہ برائے پروگرام ڈیزائن مرزا اکبر حسین اور چیف فنانشل آفیسر سید فرخ جعفری نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے سنڈیکیٹ روم میں ملاقات کی۔ ملاقات میں نوجوانوں اور کاشتکار برادری کے لیے خصوصی تربیتی کورسز، جن میں بیج ٹیکنالوجی، مویشیوں کا انتظام، آبپاشی، کھادوں کا مؤثر استعمال، موسمیاتی تبدیلی سے ہم آہنگ زرعی طریقہ کار، پانی کے بہتر انتظام اور قابل تجدید توانائی شامل ہیں، پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے کہا کہ زرعی پیداوار، موسمیاتی لچک اور وسائل کے مؤثر استعمال سے متعلق موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دیہی نوجوانوں اور کاشتکاروں کو جدید فنی مہارتوں سے آراستہ کرنا ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ جیسے اداروں کے ساتھ صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ عملی تربیتی پروگراموں میں شراکت داری سائنسی تحقیق کو کھیت کی سطح پر عملی اقدامات میں ڈھالنے اور فی ایکڑ پیداوار میں بہتری لانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے ۔مرزا اکبر حسین نے بتایا کہ اسکلز فار ایگریکلچر اینڈ گرین انوائرمنٹ پروگرام کا مقصد پنجاب بھر میں گرین شعبے سے متعلق ترجیحی مہارتوں میں 20 ہزار نوجوانوں کو تربیت اور سرٹیفکیشن فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام مہارتوں کی ترقی کو پائیدار ترقی کے اہداف اور قومی گرین پالیسیوں سے ہم آہنگ کررہا ہے ۔ پروگرام کے ذریعے پنجاب اسکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کا مقصد گرین ایگریکلچر کے ابھرتے ہوئے مواقع تک نوجوانوں کی رسائی بہتر بنانا اور پنجاب میں ہنرمند و موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے قابل افرادی قوت تیار کرنا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...