ڈی سی نے شہر کی صفائی کیلئے 100 رکنی ٹاسک فورس بنادی
متعلقہ محکمے مستقل بنیادوں پر صفائی کے اقدامات یقینی بنائیں:نعمان صدیق
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد نعمان صدیق نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے صفائی ستھرائی کی صورتحال، گرین بیلٹس، پارکس کی صفائی اور گھاس کی کٹائی کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ افسروں کو شہر کی خوبصورتی، صفائی اور گرین بیلٹس کی بحالی کے لیے عملی اقدامات تیز کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے اور ستھرا پنجاب کو خصوصی ذمہ داری سونپتے ہوئے 100 افراد پر مشتمل مشترکہ ٹاسک فورس تشکیل دے دی، جو روزانہ کی بنیاد پر شہر کے ایک علاقے کو مکمل طور پر صاف کرے گی۔ ٹاسک فورس کے ذریعے منتخب علاقوں میں صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی، گھاس کی کٹائی، جھاڑیوں کی صفائی اور پارکس کی صفائی کے کام مربوط انداز میں مکمل کیے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عدم توجہی کا شکار علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر صاف کیا جائے اور ان علاقوں میں صفائی کے ساتھ گرین بیلٹس اور پارکس کی حالت بھی بہتر بنائی جائے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ صفائی کا عمل صرف ایک مرتبہ صفائی تک محدود نہ رکھا جائے بلکہ متعلقہ محکمے مستقل بنیادوں پر صفائی اور بحالی کے اقدامات یقینی بنائیں۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ ٹاسک فورس روزانہ ایک علاقے کو مکمل طور پر صاف کرنے کے بعد اگلے علاقے میں کارروائی کرے تاکہ مرحلہ وار شہری علاقوں میں صفائی ستھرائی کا معیار بہتر بنایا جاسکے ۔ انہوں نے گرین بیلٹس میں موجود زائد گھاس، جھاڑیوں اور دیگر غیر ضروری مواد کی فوری صفائی جبکہ پارکس میں صفائی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ صفائی ستھرائی، گرین بیلٹس کی بحالی اور پارکس کی بہتری مربوط شہری انتظام کا حصہ ہے ، اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں کو مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے افسران کو فیلڈ میں موجود رہ کر کام کی نگرانی اور مقررہ اہداف کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments