ٹوبہ: چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک فعال نہ ہو سکتا
منصوبہ مکمل ہوئے تین ماہ گزر گئے ، افتتاح سے قبل ہی تنصیبات ٹوٹ پھوٹ کا شکار،چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک کو فوری طور پر فعال کیا جائے :شہری
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) تین ماہ قبل مکمل ہونے والا چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک تاحال فعال نہ ہوسکا، جس کے باعث افتتاح سے قبل ہی اس کی مختلف تنصیبات ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں۔تفصیلات کے مطابق آفیسر کالونی پارک کی تزئین و آرائش کے بعد بچوں کو ٹریفک قوانین سے آگاہی اور عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے قائم کیا گیا ‘‘سی ایم چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک’’ منصوبہ مکمل ہونے کے باوجود تاحال فعال نہیں کیا جاسکا۔ بند پڑی اس سہولت کے مختلف حصے اور تنصیبات بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے لگی ہیں۔چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک میں بچوں کو ٹریفک قوانین، سڑک عبور کرنے کے اصول، زیبرا کراسنگ، یک طرفہ ٹریفک، نو پارکنگ، رفتار کی حد اور ٹریفک سگنلز سمیت مختلف بنیادی ٹریفک قواعد عملی ماحول میں سکھانے کا منصوبہ بنایا گیا تھا۔ تاہم منصوبہ مکمل ہوئے تقریباً تین ماہ گزرنے کے باوجود بچوں کے لیے یہ سہولت تاحال کھولی نہیں جاسکی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بچوں کے لیے ٹریفک قوانین کی عملی تربیت انتہائی اہم ہے ۔ کتابوں میں ٹریفک قوانین پڑھانے کے ساتھ اگر بچوں کو ٹریفک سگنلز، زیبرا کراسنگ، یک طرفہ ٹریفک، رفتار کی پابندی اور سڑک استعمال کرنے کے بنیادی اصول عملی طور پر سکھائے جائیں تو ان میں بچپن ہی سے ٹریفک ڈسپلن پیدا کیا جاسکتا ہے ۔شہریوں نے کہا کہ ایک طرف سڑکوں پر ٹریفک حادثات کی روک تھام اور قوانین کی پابندی کے لیے آگاہی مہمات چلائی جاتی ہیں، جبکہ دوسری جانب بچوں کی عملی تربیت کے لیے تیار کیا گیا ٹریفک لرننگ پارک مکمل ہونے کے باوجود استعمال میں نہیں لایا جارہا۔ پارک کو صرف تعمیر کرکے بند رکھنے کے بجائے اسے سکولوں کے طلبہ کے مطالعاتی اور تربیتی دوروں کے لیے استعمال کیا جائے تاکہ سرکاری وسائل سے قائم کی گئی اس سہولت کا حقیقی مقصد پورا ہوسکے اور نئی نسل میں ٹریفک قوانین کی پابندی کا شعور اجاگر کیا جاسکے ۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ چلڈرن ٹریفک لرننگ پارک کو فوری طور پر فعال کیا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments