پولیس یونیفارم پہن کر خود کو ٹریفک اہلکار ظاہر کرنے والا گرفتار
کرایہ بچانے کے لیے مبینہ طور پر پولیس افسر بن کر بس ڈرائیورز کو متاثر کرتا رہا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد نے پولیس یونیفارم کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے خود کو ٹریفک پولیس اہلکار ظاہر کرنے والے ایک شخص کو پکڑ کر اس کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ٹریفک سیکٹر انچارج سمندری روڈ، ٹریفک وارڈن تحسین مجید نے دورانِ ڈیوٹی ایک گاڑی کو روکا تو اس میں سوار ایک شخص باہر نکلا، جس نے پولیس افسر کی یونیفارم سے مشابہ پینٹ اور بیلٹ پہن رکھی تھی اور خود کو ٹریفک اسسٹنٹ ظاہر کر رہا تھا۔ مذکورہ شخص کے مشکوک طرزِ عمل پر ٹریفک وارڈن نے اسے مزید انکوائری کے لیے روک لیا۔
دورانِ انکوائری شخص کی شناخت رانا سمیع، سکنہ تاندلیانوالہ کے نام سے ہوئی، جو ایک کورئیر کمپنی میں ملازمت کرتا ہے ۔ ابتدائی معلومات کے مطابق ملزم مبینہ طور پر کرایہ بچانے کے لیے بس ڈرائیوروں کے سامنے خود کو پولیس افسر ظاہر کرتا اور پولیس یونیفارم سے مشابہ لباس استعمال کرتا تھا۔ملزم کے خلاف تھانہ ڈی ٹائپ میں مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے ، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے تاکہ اس کے اصل مقاصد اور ممکنہ دیگر سرگرمیوں کا تعین کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments