اٹھارہ ہزاری میں ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی قلت، بلیک مارکیٹنگ
کسان کھاد کے حصول کے لیے مختلف ڈیلرز اور دکانوں کے چکر لگانے پر مجبور
اٹھارہ ہزاری (نمائندہ دنیا) ضلع بھر میں ڈی اے پی اور یوریا کھاد کی شدید قلت پیدا ہونے سے کاشتکار مشکلات کا شکار ہو گئے ، کسان کھاد کے حصول کے لیے ڈیلرز اور دکانوں کے چکر لگانے پر مجبور ہیں، سرکاری نرخوں پر کھاد کی دستیابی ممکن نہیں ہو رہی۔ کاشتکاروں نے الزام عائد کیا ہے بعض ذخیرہ اندوزوں نے مبینہ طور پر کھاد کے گودام بھر رکھے ہیں اور مصنوعی قلت پیدا کرکے ڈی اے پی اور یوریا کھاد مہنگے داموں بلیک میں فروخت کی جا رہی ہے ۔ کھاد کی عدم دستیابی اور اضافی قیمتوں نے پہلے ہی مہنگائی سے پریشان کاشتکاروں کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب سونا ویئر ہاؤس سے کسان کارڈ کے ذریعے سونا یوریا کھاد خریدنے والے زمیندار بھی شدید پریشانی کا شکار ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق سونا ویئر ہاؤس کی جانب سے 100 بیگ سونا یوریا کے ساتھ 25 بیگ غیر ملکی کھاد خریدنے کی شرط عائد کی جا رہی ہے ۔زمینداروں کا کہنا ہے کہ جس کھاد کے معیار پر وہ مطمئن نہیں، اسے حکومت پنجاب کے کسان کارڈ کے تحت ملنے والے ریلیف کے ساتھ خریدنے پر مجبور کیوں کیا جا رہا ہے ؟
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments