طالبات کے روزگار کیلئے جی سی یو میں واک اِن انٹرویوز
سرکاری سکولوں میں انگلش کی تدریس کیلئے پارٹ ٹائم اور فل ٹائم اسامیاں پیش
فیصل آباد(سٹی رپورٹر)گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر کنول امین (تمغہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات پر طالبات اور فارغ التحصیل گریجویٹس کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عالمی شہرت یافتہ زبانوں کے تعلیمی ادارے \"برلٹز\" کے اشتراک سے واک اِن انٹرویوز کا انعقاد کیا گیا۔ ڈائریکٹوریٹ آف کیریئر کونسلنگ اینڈ پلیسمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والی اس واک اِن انٹرویوز میں سرکاری سکولوں میں انگلش کی تدریس کے لیے پارٹ ٹائم اور فل ٹائم اسامیاں پیش کی گئیں۔
اس موقع پر مختلف تعلیمی شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی تقریباً 300 طالبات اور گریجویٹس نے انٹرویوز میں شرکت کی۔ امیدواروں کی انگریزی بول چال اور تحریری صلاحیتوں کا جائزہ لینے کے لیے ایک خصوصی ریکروٹمنٹ پینل تشکیل دیا گیا تھا، جس میں لاہور سے آئے ہوئے چھ رکنی وفد کے علاوہ دو نمائندے آن لائن (ورچوئل) شریک ہوئے ۔ کامیاب ہونے والی امیدواروں کو برلٹز کے تحت ایک سالہ کنٹریکٹ پر تعینات کیا جائے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments