پولیس کھلی کچہریاں فوٹوسیشن تک محدود، سائلین مایوس
شکایت لے کر آنے والے شہریوں کی درخواستیں دوبارہ انہی متعلقہ تھانوں اور پولیس دفاتر میں انکوائری کے لیے بھجوا دی جاتی ہیں جہاں شنوائی نہ ہونے پر سائل آ تا ہے
فیصل آباد (عبدالباسط سے )پولیس تھانہ جات اور دفاتر میں تعینات افسران و ملازمین کے مبینہ ناروا رویوں اور انصاف کے حصول میں حائل رکاوٹوں سے پریشان شہریوں کے لیے پولیس حکام کی جانب سے لگائی جانے والی کھلی کچہریاں بھی بے سود ثابت ہونے لگیں۔ شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی اور مسائل کے حل کے لیے منعقد کی جانے والی کھلی کچہریاں مبینہ طور پر محض فوٹو سیشن اور تصویری نمائش تک محدود ہو کر رہ گئی ہیں، جس کے باعث انصاف کی امید لے کر آنے والے سائلین مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ذرائع کے مطابق پنجاب کے دیگر اضلاع کی طرح ۔ ان کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد شہریوں کی شکایات سن کر موقع پر ہی ان کے ازالے کو یقینی بنانا اور انہیں فوری ریلیف فراہم کرنا ہے ۔تاہم فیصل آباد میں پولیس حکام کی جانب سے منعقد کی جانے والی کھلی کچہریوں کے مطلوبہ نتائج سامنے نہ آنے کی شکایات بڑھنے لگی ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ضلع بھر کے مختلف تھانوں اور پولیس دفاتر سے متعلق شکایات لے کر آنے والے سائلین کے مسائل مبینہ طور پر نہ تو سنجیدگی سے سنے جاتے ہیں اور نہ ہی ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جاتے ہیں۔
شکایت لے کر آنے والے شہریوں کی درخواستیں دوبارہ انہی متعلقہ تھانوں اور پولیس دفاتر میں انکوائری کے لیے بھجوا دی جاتی ہیں جہاں تعینات افسران اور ملازمین کے مبینہ ناروا رویوں کے خلاف شہری اعلیٰ پولیس حکام سے رجوع کرتے ہیں۔ اس صورتحال میں سائلین کو انصاف ملنے کے بجائے ایک بار پھر انہی مسائل اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ذرائع کے مطابق شہریوں کو امید تھی کہ کھلی کچہریوں کے ذریعے انہیں براہ راست پولیس کے اعلیٰ حکام تک رسائی حاصل ہوگی اور ان کی شکایات کا فوری ازالہ ممکن بنایا جائے گا، تاہم مبینہ طور پر عملی اقدامات نہ ہونے کے باعث یہ سلسلہ بھی محض رسمی کارروائی اور تصویری مہم تک محدود ہوتا دکھائی دے رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر کھلی کچہریوں میں پیش ہونے والے سائلین کو بھی انصاف کے حصول کے لیے بار بار تھانوں اور دفاتر کے چکر لگانے پڑیں تو ایسے اقدامات کے بنیادی مقاصد حاصل نہیں ہو سکتے ۔شہریوں نے اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ کھلی کچہریوں کو محض رسمی کارروائی کے بجائے حقیقی معنوں میں عوامی داد رسی کا ذریعہ بنایا جائے ، سائلین کی شکایات پر غیر جانبدارانہ انکوائری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے اور درخواستوں پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی بھی کی جائے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف مل سکے اور پولیس پر عوام کا اعتماد بحال ہو۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments