سرینا ہوٹل و پرتگالی سفارتخانے کے اشتراک سے ثقافتی تقریب

 سرینا ہوٹل و پرتگالی سفارتخانے کے اشتراک سے ثقافتی تقریب

محفل موسیقی کابھی انعقاد، تھیلیسیمیا کے بچوں کیلئے 11 لاکھ 22 ہزار روپے جمع

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) فیصل آباد سرینا ہوٹل نے پرتگال کے سفارت خانے کے اشتراک سے ‘‘ریزونینس ایکراس بارڈرز، 77سالہ سفارتی تعلقات کا جشن’’ کے عنوان سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا۔ تقریب کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ فن، ادب، موسیقی اور کھانوں کے ذریعے مختلف ثقافتوں کے درمیان باہمی تبادلے اور ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔تقریب فیصل آباد سرینا ہوٹل کے نقاش ہال میں منعقد ہوئی، جس میں معروف موسیقار پیڈرو جویا اور عریب اظہر نے اپنی فنکارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دونوں فنکاروں کی مشترکہ موسیقی نے حاضرین کو ایک منفرد اور یادگار تجربہ فراہم کیا، جس میں مختلف ثقافتوں اور موسیقی کے رنگ خوبصورتی سے پیش کیے گئے ۔ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ تقریب کا ایک اہم مقصد تھیلیسیمیا کے مرض میں مبتلا بچوں کی معاونت کے لیے فنڈز جمع کرنا بھی تھا۔ موسیقی کی محفل کے اختتام پر عشائیے کا اہتمام کیا گیا، جہاں معزز مہمانوں اور مخیر حضرات نے اس نیک مقصد کے لیے بھرپور تعاون کیا۔ شرکاء کے فراخدلانہ تعاون سے مجموعی طور پر 11 لاکھ 22 ہزار روپے جمع ہوئے ۔اس موقع پر فیصل آباد سرینا ہوٹل کے جنرل منیجر شہریار خان نے جمع شدہ رقم کا عطیہ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر جنید ریاض کو پیش کیا، تاکہ تھیلیسیمیا میں مبتلا بچوں کے علاج اور دیکھ بھال میں معاونت فراہم کی جاسکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...