چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دینگے :شافع حسین

چینی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت دینگے :شافع حسین

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )صوبائی وزیر صنعت و تجارت چودھری شافع حسین سے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں چینی قونصل جنرل ذاؤ شیرن نے ملاقات کی جس میں ٹیکنیکل ایجوکیشن،انفارمیشن ٹیکنالوجی، زراعت، سولر اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق ہوا۔

ملاقات کے دوران پنجاب تیانج یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اور چین کی حکومت کے مابین تعاون کے نئے معاہدے پر بھی بات چیت ہوئی۔ شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متعدد چینی کمپنیوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کر رکھی ہے ، مزید سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے ، انہوں نے کہا کہ چینی باشندوں کی سکیورٹی اور سرمایہ کاری کے تحفظ کیلئے موثر اقدامات کئے گئے ہیں۔حکومت چاہتی ہے کہ پنجاب میں سولر پینلز کے مینوفیکچرنگ پلانٹ لگیں۔چینی سرمایہ کار گروپ سولر پینلز کی مینوفیکچرنگ میں سرمایہ کاری کریں، ہرممکن سہولت دیں گے ، صوبائی وزیر نے کہا کہ ٹیکنیکل ایجوکیشن کا معیار بہتر کرکے ہنرمند افرادی قوت کو روزگار کیلئے بیرون ممالک بھجوا کر قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے اس مقصد کیلئے پنجاب حکومت نے ٹیوٹا کے اداروں اور لیبز کی اپ گریڈیشن کا پلان بنایا ہے ،کورسز کے نصاب کو تبدیل کرکے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جارہا ہے ،نوجوانوں کو جدید علوم سے آراستہ کرنے کے لئے مفت آئی ٹی کورسز کرائے جا رہے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ طلبہ اور انڈسٹری کے مابین روابط بڑھائے جائینگے ، چوہدری شافع حسین کہا کہ دوطرفہ تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے تیزی سے آگے بڑھنا ہوگا۔چینی قونصل جنرل ذاؤ نے کہا کہ چین کی ذوانرجی کمپنی نے بہاول پور میں سولر پراجیکٹ لگایا ہے ۔پنجاب کے ساتھ توانائی، زراعت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھائیں گے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں