فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ:گیپکو صارفین سے کروڑوں روپے اضافی وصول

فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ:گیپکو  صارفین  سے  کروڑوں  روپے  اضافی  وصول

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر) گیپکونے رواں ماہ کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کروڑوں روپے اضافی وصول کر لئے ، شہریوں اور کاروباری افراد کوبھاری بل بھجوادئیے گئے ۔۔۔

بلوں کی درستگی کروانے کیلئے جانے والے صارفین کو بھی انکار کردیا گیا۔ فی یونٹ کے حساب سے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں4روپے 92پیسے ڈال دئیے گئے اس کے علاوہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر ٹیکس الگ لگایا گیاجبکہ بیشتر سب ڈویژنوں کے عملہ نے ریکوری اور لائن لاسز پوراکرنے کیلئے ڈی ٹیکشن بل بھی ڈال دئیے ،گیپکو صارفین بھاری بل ملنے پر سراپا احتجاج بن گئے ۔ گیپکو کی حدود میں شامل گوجرانوالہ ڈویژن کے اضلاع گوجرانوالہ ،سیالکوٹ ،گجرات، حافظ آباد ،وزیرآباد ،نارووال ،منڈی بہاؤالدین میں گیپکو کے 40 لاکھ سے زائد صارفین ہیں ۔ شہریوں کی بڑی تعداد بجلی کے بلوں کی درستگی کیلئے گیپکو دفاتر گئی لیکن افسر وملازمین نے بل درستگی کرنے سے انکار کردیا صارفین کا الزام ہے کہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مدمیں استعمال کئے گئے یونٹس سے بھی زائد یونٹس کے ریٹ ڈال دئیے گئے جبکہ ڈی ٹیکشن بل اور ریکوری درستگی کے نام پر الگ رقوم بھی شامل کی گئی ہیں،گیپکو نے ٹیکنیکل طریقوں سے اوور بلنگ کاطریقہ اختیار کیاہے جس کی انکوائری کی جائے جبکہ گیپکو افسروں کاکہنا ہے کہ جن صارفین کولگتا ہے کہ زائد بل بھیجے گئے وہ درخواستیں دے کر انکوائری کرواسکتے ہیں ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں