پھالیہ سٹیڈیم،فلڈ لائٹس کے قیمتی تار چوری

پھالیہ  سٹیڈیم،فلڈ  لائٹس  کے  قیمتی  تار  چوری

پھالیہ (نامہ نگار)پھالیہ پیر یعقوب شاہ سٹیڈیم سے 4 فلڈ لائٹس کی قیمتی تاریں کاٹ کر چور لے گئے ،پیر یعقوب شاہ سٹیڈیم پھالیہ کے چاروں پولوں سے فلڈ سٹریم لائٹس کی ہیوی کیبل نامعلوم افراد رات کی تاریکی میں کاٹ کر لے گئے ۔۔۔

ذرائع کے مطابق کیبل کی مالیت 8 لاکھ روپے بتائی جا رہی ہے ، اہلیان پھالیہ کے مطالبات کے بعد کروڑوں مالیت سے گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول پھالیہ کے ملحقہ پیر یعقوب شاہ سٹیڈیم پھالیہ بنایا گیا جس میں خوبصورت سر سبز و شاداب گھاس اور خوبصورت پودے لگائے گئے بچوں کے لئے لوہے کی مضبوط جالی سے بند دو تین کرکٹ پریکٹس نیٹ تیار کئے گئے ۔ بہترین سٹاف روم ،مہمان خانہ، صاف ستھرے واش روم اور گراؤنڈ کے متعلقہ اسیسریز فراہم کی گئیں جس میں سارا سال بچوں کے کھیل ٹورنامنٹ اور ڈسٹرکٹ اور پنجاب لیول کے کھیلوں کے میدان سجائے جاتے ہیں مگر سٹیڈیم کی باقاعدہ دیکھ بھال تزئین و آرائش اور سرکاری سٹاف کی اپوائنٹمنٹ کو یقینی نہ بنایا جا سکا جس کے نتیجہ میں سٹیڈیم میں موجود نیٹ پریکٹس کے گرد لگی لوہے کی مضبوط جالی توڑ پھوڑ اور گراؤنڈ میں لگے فٹبال پول زمین پر بکھرے پڑے ہیں ،سٹیڈیم کی عدم توجہی کے سبب نامعلوم افراد گراؤنڈ کے چاروں اطراف لگے چاروں دیو قامت پولوں پر چڑھ کر بڑی بڑی فلڈ سٹریم لائٹس کی بھاری تاریں کاٹ کر لے گئے ہیں ایک پول پر ہیوی کیبل کی تعداد 36 کے قریب تھیں جو اوپر سے نیچے تک کاٹ کر چرا لی گئیں اور اب گراؤنڈ رات کو تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے ، اہلیان شہر نے حکام بالا سے اصلاح احوال کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں