وزیرآباد کے سول ہسپتال میں خاکروب ڈاکٹر بن گیا

وزیرآباد کے سول ہسپتال میں خاکروب ڈاکٹر بن گیا

وزیرآباد(نامہ نگار)پنجاب حکومت کے سرکاری ہسپتالوں میں بہترین علاج معالجہ کے دعوے صرف باتوں اور خبروں کی حد تک رہ گئے ۔ وزیرآباد کے سول ہسپتال میں خاکروب ڈاکٹر بن گیا ،مریضوں کو چیک کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔

وزیرآباد کے ٹی ایچ کیو ہسپتال کا سویپر عبدالستار ڈگری کے بغیر ہی ڈاکٹر بن گیا مریضوں کا چیک اپ کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ نہ صرف ڈاکٹر کی کرسی پر بیٹھ کر مردوخواتین مریضوں کوچیک کررہاہے بلکہ ادویات تجویز کرنے کے ساتھ ساتھ انجکشن بھی لگارہاہے جبکہ ڈیوٹی ڈاکٹر موقع سے غائب ہے ۔ ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر حسن طارق کا کہنا ہے کہ معاملہ سامنے آنے پر انکوائری کی گئی اور متعلقہ شخص کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے اور رپورٹ اعلیٰ حکام کو بھجوا دی گئی ہے ۔ دوسری جانب شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ جب سویپر مریض چیک کر رہا تھا تو اس وقٹ ڈاکٹر کہاں تھا، ہسپتال کے ایم ایس کو مکمل آگاہی ہونی چاہیے کہ ان کے ناک تلے کیا ہو رہا ہے ۔ شہریوں نے کہا کہ اس ویڈیو کے سامنے آنے پر وزیراعلیٰ مریم نواز اور وزیر صحت کی کارکردگی بھی سب کے سامنے آ چکی ہے کہ وہ شعبہ صحت میں کتنے سنجیدہ ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں