گجرات:قائد اعظم کے تاریخی سٹیج ، مجسمہ اور مونومنٹ کا افتتاح
گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے میونسپل کارپوریشن گجرات میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی کے تاریخی سٹیج و مجسمہ اور تمبل چوک میں قائم مونومنٹ کا افتتاح کر دیا۔
،رہنما مسلم لیگ (ق)سٹی گجرات علی ابرار جوڑا، حافظ عقیل عباس، سی او میونسپل کارپوریشن گجرات ملک ابرار، چودھری طاہر مانڈہ، مظہر وڑائچ نت، عمر سہیل بھٹہ اورتیمور بٹ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ قائد اعظم محمد علی جناح نے 28 جولائی 1944 کو اس مقام پر خطاب کیا، اس تاریخی سٹیج کو از سرنو تعمیر کیا گیا ہے اور بانی پاکستان محمد علی جناح کا مجسمہ نصب کیا گیا ہے ، شہر کی خوبصورتی میں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے تحت مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے ، جناح چوک، کچہری چوک، تمبل چوک میں خوبصورت مونومنٹ نصب کئے گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی کیلئے صاف گجرات کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ، کمیٹی کے فورم سے شہر کی خوبصورتی کیلئے عملی اقدامات کیے جارہے ہیں۔