میونسپل کارپوریشن،ضلع کونسل کی حدود میں230واٹر فلٹریشن پلانٹس خراب
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)میونسپل کارپوریشن اورضلع کونسل کی حدود میں شامل230واٹرفلٹریشن پلانٹس خراب ،پی ایچ اے عملہ کی غفلت کے باعث پارکوں میں فلٹریشن پلانٹ فعال نہ ہوسکے۔
موسم گرما کی شدت کا آغاز ہوچکا لیکن سیروتفریح کیلئے پارکوں کا رخ کرنے والے شہریوں کو پینے کا صاف پانی تک میسر نہیں جبکہ بلدیاتی اداروں کے افسر اور ملازمین کی عدم توجہی کے باعث ضلع گوجرانوالہ کے 230 سے زائد فلٹریشن پلانٹس خراب پڑے ہیں، موسم گرما کا آغاز ہونے کے باوجود پارکوں ،تعلیمی اداروں اورعام شاہرات پر لگے فلٹریشن پلانٹس کی مرمت نہ ہوسکی، میونسپل کارپوریشن کے ریکارڈ میں صرف38 فلٹریشن پلانٹس فعال ہیں مگر عملی طور پر خراب پڑے ہیں پی ایچ اے کے 30 پارکوں میں فلٹریشن پلانٹس خراب ہیں جبکہ ڈسٹرکٹ کونسل کے 70فلٹریشن پلانٹس اور متعدد تعلیمی اداروں میں خراب فلٹریشن پلانٹس کی مرمت نہ ہوسکی جس کے باعث شہری اور طلبہ صاف پانی سے محروم ہیں۔ بلدیاتی اداروں کے حکام کا کہنا تھا کہ خراب پلانٹس کی مرمت جاری ہے چند رہ گئے انہیں بھی فعال کردیا جائیگا۔