وزیرآباد:ڈکیتی مزاحمت،ڈاکوؤں نے نوجوان قتل کر دیا

وزیرآباد:ڈکیتی مزاحمت،ڈاکوؤں نے نوجوان قتل کر دیا

وزیرآباد(نامہ نگار)موٹرسائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈیپارٹمینٹل سٹور کو لوٹنے کے دوران مزاحمت پر نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کر دیا۔ ملزمان واردات کے بعد فرار، پولیس تھانہ صدر مصروف تفتیش۔

وزیرآباد کے علاقہ احمد نگر روڈ پر نواحی علاقہ خسڑے کا نوجوان وسیم عظیم مہراحمد نگر روڈ پر واقع اپنے قریبی عزیز کے ڈیپارٹمینٹل سٹور پر بیٹھا تھا کہ ڈیپارٹمینٹل سٹور میں موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ڈکیتی کی غرض سے داخل ہو کر وہاں موجود افراد کو لوٹنے کی کوشش کی۔ سٹور کے مالک ریاض کے قریبی عزیز 26 سالہ وسیم عظیم مہر کی جانب سے مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے نوجوان وسیم شدید زخمی ہو گیا جسے طبی امداد کی خاطر مقامی افراد نے ہسپتال پہنچایا جہاں وسیم زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے جان کی بازی ہار گیا۔تھانہ پولیس صدر وزیرآباد نے جائے وقوعہ کے معائنہ کے بعد تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ یاد رہے وزیرآباد شہر و گردونواح میں آئے روز ڈکیتی،راہزنی اور قتل و غارت کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں درجنوں شہری نہ صرف اپنا مال کھو بیٹھتے ہیں بلکہ قیمتی جانیں بھی ضائع ہو رہی ہیں انجمن تحفظ حقوق عوام کے صدر افتخار احمد بٹ، سید ضمیر کاظمی،شیراز میر ، رانا معظم ، کاشف عمران و دیگر نے آر پی او گوجرانولہ سے علاقہ میں بڑھتے ہوے جرائم کو کنٹرول کرنے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت ایکشن کا مطالبہ کیا ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں