گڈز ٹرانسپورٹرز کا25 جولائی سے ہڑتال کا اعلان

 گڈز ٹرانسپورٹرز کا25 جولائی سے ہڑتال کا اعلان

گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر) گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کے خلاف 25 جولائی سے ہڑتال کا اعلان کردیا ، مطالبات کی منظوری تک بکنگ اور ڈیلیوری نہیں کی جائے گی۔

گزشتہ روز گوجرانوالہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے گڈز ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن کے سرپرست اعلیٰ چودھری عبدالقیوم، صدر ہارون آصف راٹھور، سینئر نائب صدور محمد اختر، ثاقب افضل چیمہ، علی احمد مہر نے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان میں ایکسل ویٹ کا یکساں نظام ہونا چاہئے ، زائد وزن والی گاڑیوں کو جرمانے کرنے کی بجائے گاڑیوں کو واپس بھیجا جائے ، موٹروے پولیس بغیر وائلیشن چالان نہ کرے ، پٹرولنگ پولیس سے چالانوں کا اختیار واپس لیکر سکیورٹی مہیا کرنے پابند کیا جائے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کچے کے علاقے میں ڈرائیوروں کو تحفظ دیا جائے اور ڈاکوئوں سے کلیئر کیا جائے ۔ہائی ویز پر بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کی روک تھام کیلئے مؤثر حکمت عملی بنائی جائے ۔ایکسل کانٹوں پر ٹھیکیداری نظام ختم کرکے این ایل سی یا ایف ڈبلیو او کو دیا جائے اور کسٹم حکام کو ناجائز چیکنگ سے روکا جائے ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر مطالبات تسلیم نا ہوئے تو ہڑتال کا دائرہ کار وسیع کرتے ہوئے کنٹینرز کھڑے کرکے روڈ بلاک کریں گے ۔اس موقع احمد رضا بٹ، طارق بشیر، شہباز بٹ، بائو ناصر رفیق، فریاد گجر اور دیگر بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں