ڈاکٹر نہ ہونے سے مغل چک کی ڈسپنسری پر5ماہ سے تالا
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )مغل چک کی سرکاری ڈسپنسری میں5ماہ سے ڈاکٹر کی تعیناتی نہ ہو نے سے تالا لگ گیا ،ڈسپنسر،چوکیداراور خاکرو ب ہفتے بعد آ کر حاضری لگا کر چلے جاتے ہیں ،چار دیہات کے مریض علاج معالجہ کیلئے خوار ہونے لگے ۔
بتایا گیا ہے کہ نواحی گاؤں مغل چک کلاں میں سرکاری ڈسپنسری میں تعینات ڈاکٹر ثمیر علی کا تبادلہ اروپ کر دیا گیا، پانچ ماہ گزرنے کے بعد بھی ڈسپنسری میں ڈاکٹر کی تعیناتی نہ ہونے سے مغل چک کلاں مغل چک خورد جموں ڈیرہ اور قاضی کوٹ کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ، لوگوں کو علاج معالجہ کے لئے کئی کلو میٹر کا سفر کر کے آر ایچ سی لدھیوالہ یا رورل ہیلتھ سنٹر قلعہ دیدار سنگھ جانا پڑتا ہے ۔ ڈسپنسری کے دیگر ملازمین جن میں ڈسپنسر چوکیداراور خاکروب نے ڈسپنسری کی عمارت کو تالا لگا دیا ہے اور ہفتے بعد آ کر حاضری لگا کر چلے جاتے ہیں۔ اہل دیہہ نے سی ای او ہیلتھ سے اپیل کی ہے کہ ڈسپنسری میں جلد ازجلد ڈاکٹر کی تعیناتی کر کے لوگوں کو علاج معالجہ کی سہولیات کا آغاز کیاجائے ۔