بہت قربانیوں کے بعد آزادی بہت بڑی نعمت:لقمان میر
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) آزادی ایک بہت بڑی نعمت ہے ،یہ ملک بہت سے قربانیوں کے بعد حاصل کیا گیا۔
ہماری پاک فوج جس طرح جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کر رہی ہے اسی طرح ہمیں بھی اپنی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی کے لیے دن رات محنت کرنی چاہیے ۔ قومی ہیرو ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیت کر یوم آزادی کے موقع پر قوم کو تحفہ دیا۔ان خیالات کا اظہار ہائی انر جی کیبلز کے سی ای او صنعتکار لقمان میر اور ڈائریکٹر عمران میر نے جشن آزادی اور ارشد ندیم کے گولڈ میڈل جیتنے کی خوشی میں کیک کاٹتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سلیمان میر،عرفان میر،ڈاکٹراسامہ میر ،زبیر میر ،صغیر بٹ ،کامران خالد بٹ ودیگر بھی موجود تھے ۔اس موقع پر عمران میر کا کہنا تھا کہ آزادی کی قدر پوچھنی ہو تو کشمیر اور فلسطین کے لوگوں سے پوچھی جائے جو سخت پابندیوں میں زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج ہم اسلاف کی قربانیوں کی بدولت آزاد فضاؤں میں سانس لے رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں ملی جذبے سے کام کرنا چاہیے تاکہ خدادادِ مملکت کو سیسہ پلائی دیوار بنایا جا سکے ۔