بچوں کو سکول لانے کیلئے مہم چلائی جائیگی:ڈی سی سیالکوٹ
ڈسکہ،منڈیکی گورائیہ (نامہ نگار ، نمائندہ دنیا) ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہا ہے کہ سکولوں سے باہر بچوں کو سکولوں میں لانے کیلئے خصوصی مہم چلائی جائے گی۔۔۔
اس سلسلہ میں بنیادی ذمہ داری محکمہ تعلیم کی ہے کہ وہ سکولوں کی حدود میں ایسے بچے جن کی عمر سکول جانے کی ہے ان کو سکولوں میں لے کر آئیں اور ان کو زیور تعلیم سے آراستہ کریں تاکہ وہ پڑھ لکھ کر معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسکہ ہائی سکول اور پرائمری سکول گوئیندکے کی انسپکشنز کے دوران اساتذہ او ر ایجوکیشن اتھارٹی کے مقامی حکام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ ماہم مشتاق بھی اس موقع پر موجود تھیں۔ ڈپٹی کمشنر محمد ذوالقرنین لنگڑیال نے کہاکہ سموگ کے دوران بچوں کو آن لائن پڑھایا جائے تاکہ ان کی تعلیمی سرگرمیاں جاری رہیں۔دریں اثنا ڈپٹی کمشنر نے پٹوار کمپلیکس ڈسکہ کا اچانک دورہ کیا،سائلین نے شکایات کے انبار لگادئیے کہ پٹوار ی اوران کے منشی جائیداد کی فردوں اور انتقال وغیرہ کی منہ مانگے پیسے وصول کررہے ہیں اگران کی طرف سے مانگی گئی قیمت پٹواریوں اوران کے منشیوں کو نہ دی جائے تو سائلین کو کئی کئی ہفتے جائیدادوں کی فردیں نہیں دی جاتیں۔