شہر میں 150 گڈز ٹرانسپورٹ اڈے ، مال برادر گاڑیوں کے باعث ٹریفک متاثر
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)شہر کے اندر قائم گڈز ٹرانسپورٹ اڈے سموگ کا سبب بن رہے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہونے لگی۔ ٹرانسپورٹرز کی جانب سے سرکاری اکائونٹ میں رقم جمع کرانے کے باوجود گڈز ٹرانسپورٹ اڈے شہر سے باہر منتقل نہ ہوسکے ۔
گوجرانوالہ میں شہری حدود کے اندر 150گڈز ٹرانسپورٹ اڈے ہیں جہاں سے روزانہ ہزاروں کی تعداد میں مال برادر گاڑیوں کی آمدو رفت ہوتی رہتی ہے ،گاڑیوں کی وجہ سے شہر کی بیشتر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور ماحولیاتی آلودگی میں بھی اضافہ ہو رہا ہے ۔ اڈوں کے باہر سڑک پر پڑا سامان اور بڑے بڑے کنٹینرز کھڑے ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے ۔گڈز ٹرانسپورٹرز نے متعدد بار اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کیلئے کہا لیکن منتقل نہ ہوسکے ۔ صدر گڈز ٹرانسپوٹرز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ طیب نذیر بٹ کا کہنا ہے کہ گڈز ٹرانسپورٹرز نے ٹرک سٹینڈ کے قیام کیلئے 1994 میں بطور پہلی قسط 80 لاکھ روپے کارپوریشن کو جمع کرا رکھے ہیں لیکن منصوبہ مکمل نہیں کیا جا سکا ،اگر ٹرک سٹینڈ شہر سے باہر ہوگا تو ٹریفک کے مسائل نہیں ہونگے ۔