حافظ آباد:خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے واک
حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دُنیا )حافظ آباد میں خصوصی افراد کے عالمی دن کی مناسبت سے ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی قیادت میں ڈسٹرکٹ کمپلیکس سے واک کا انعقاد کیا گیا۔
گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول کے اساتذہ،طلباء و طالبات، سرکاری افسران، ملازمین اور معززین نے واک میں شرکت کی۔شرکاء واک نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے حوالہ سے فلیکسز، پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے ۔ڈپٹی کمشنر عبد الرزاق کاکہنا تھا کہ کسی بھی ذہنی و جسمانی معذوری کا شکار افراد اور بالخصوص بچے ہماری خصوصی توجہ اور تربیت کے مستحق ہیں۔ ان خصوصی افراد میں فارمل افراد کی طرح خداداد صلاحیتیں موجو د ہو تی ہیں اور اگر انکے اساتذہ اور والدین ان بچوں پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے انہیں بہتر اور معیار ی درس و تدریس کے مواقع فراہم کریں،تویہی بچے اپنی اپنی فیلڈ میں نمایاں مقام حاصل کر سکتے ہیں۔ انکاکہنا تھا کہ بہت سے خصوصی افراد کی محنت، قابلیت اور ذہانت سے انہیں ملنے والی کامیابیوں اور خدمات پر دنیا ایسے افراد پر فخرکر تی ہے ۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے سپیشل بچوں سے فرداً فرداً ملاقات کی اور ان سے پیار، محبت اور شفقت کا اظہاربھی کیا۔