ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں:حامد گورائیہ
حافظ آباد (نامہ نگار )ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس حامد ناصر گورائیہ نے کہا ہے کہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی، مصنوعی اور خود ساختہ مہنگائی کرنے والے آڑھتی ، تاجر اور دکاندار کسی رعایت کے مستحق نہیں۔۔۔
ایسے د کانداروں کے خلاف بلا تفریق اور سخت کاروائیاں عمل میں لائی جائینگی ۔ رمضان المبارک میں مہنگائی پر قابو پانے اور اشیائے خوردونوش کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزوں کے خلاف حافظ آباد میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بھر پور کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے ۔ ان خیالا ت کااظہار انہوں نے پھل وسبزی منڈی کولوروڈ کے دورہ کے موقع پر پھلوں اورسبزیوں کی نیلامی اورقیمتوں کا جائزہ لیتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سبزی منڈیوں سے لیکر عام مارکیٹ تک تمام اشیاء کی سپلائی،قیمتوں اور کوالٹی کو بھی مانیٹر کیا جا رہا ہے ۔ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی کے افسران کی نگرانی میں منڈیوں میں سبزیوں اور پھلوں کی نیلامی کے عمل کو یقینی بنایا جا تاہے تا کہ کوئی بھی آڑھتی اپنی مرضی سے ریٹ مقرر نہ کر سکے ۔جب منڈی میں نیلامی کا عمل شفاف ہوگاتونرخ مناسب ہوں گے اور عام مارکیٹ میں بھی صارفین کو سستے پھل اور سبزیاں میسر ہوں گی۔