گیپکو کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں تقریب
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو کے مدّت ملازمت پوری کر کے ریٹائر ہونے والے ملازمین کے اعزاز میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں ایک پروقارتقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے دوران جنرل منیجر آپریشن مظہر نوید نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اُن کے واجبات کے چیک دئیے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل منیجر آپریشن مظہر نوید نے ریٹائر ہونے والے ملازمین کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور ادارے کی کامیابی میں اُن کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی اُس کے ملازمین کی محنت اور وفاداری پر منحصر ہوتی ہے ۔ آج ہم اُن ساتھیوں کو عزت و احترام کے ساتھ رخصت کر رہے ہیں جنہوں نے گیپکو کے سفر کو مضبوطی دی۔انہوں نے کہا کہ یہ تقریب گیپکو کی اس روایت کی عکاسی کرتی ہے کہ گیپکو اپنے ملازمین کو اپنا سب سے قیمتی اثاثہ سمجھتا ہے اور اُن کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جاتاہے ۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل ایچ آر اینڈ ایڈمن جلیل الرحمن، منیجر ایچ آر ذیشان ستار،منیجراکاؤنٹس طارق محمود، ڈپٹی منیجر ایڈمن طارق بشیر، اسسٹنٹ منیجر سروسزاعجاز احمد،سپرنٹنڈنٹ ایڈمن محمد خالد، یونین عہدیدران اعجاز رانا، میاں عمران، گلفام نذیر سمیت گیپکو افسران، یونین عہدیدران و ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔