قلعہ دیدار سنگھ:کٹائی شروع ، گندم کی قیمت کم ، کسان پر یشان
قلعہ دیدار سنگھ (نامہ نگار )قلعہ دیدار سنگھ میں گندم کی کٹائی زوروں پر، غلہ منڈی میں ریٹ کم، کسان شدید پریشان،حکومت سے فوری طور پر گندم کی مناسب قیمت مقرر کرنے کا مطالبہ کر دیا ۔
قلعہ دیدار سنگھ اور گرد ونواح کے دیہات میں گندم کی کٹائی عروج پر ہے لیکن خوشی کے موقع پر کسانوں کے چہروں پر مایوسی کے سائے بھی گہرے ہو رہے ہیں،غلہ منڈیوں میں گندم کے نرخ غیر یقینی کا شکار ہیں جس کے باعث کسانوں کو شدید مالی نقصان کا سامنا ہے ، سروے کے دوران نائب صدر غلہ منڈی قلعہ دیدار سنگھ عامر زبیر دوچھہ ودیگر کا کہنا تھا کہ ایک طرف مہنگی کھاد، ڈیزل اور زرعی ادویات نے پیداواری لاگت میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے تو دوسری طرف منڈی میں گندم کی قیمتیں بہت کم ہیں، اگر حکومت نے بروقت مناسب سرکاری نرخ مقرر نہ کیے تو کاشتکاروں کیلئے خرچ بھی پورا کرنا ممکن نہیں رہے گا،کسانوں نے بتایا کہ موجودہ حالات میں فی من گندم کی قیمت 3000 روپے سے کم ہونا کسانوں کے ساتھ ناانصافی ہے ،ہم دن رات محنت کرتے ہیں لیکن جب وقت آتا ہے اپنی پیداوار بیچنے کا تو مایوسی کے سوا کچھ نہیں ملتا،کسانوں نے حکومت پنجاب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ گندم کی سرکاری خریداری جلد از جلد شروع کی جائے اور مناسب قیمت کا اعلان کیا جائے ۔