حافظ آباد:مرکزی جمعیت اہلحدیث کی یکجہتی فلسطین ریلی
حافظ آباد(نمائندہ دُنیا )مرکزی جمعیت اہلحد یث و اہلحدیث یوتھ فورس کے زیراہتمام یکجہتی فلسطین ریلی نکالی گئی۔ شرکا نے ہاتھوں میں فلسطینی پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔
ریلی میں اسرائیلی جارحیت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی اور مظلوم فلسطینی عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔ریلی میں حاجی عبدالحمید ، حضرت مولانا طارق محمود ، بزرگ رہنما حضرت مولانا عطاء اﷲ محمدی، حضرت مولانا عابد الٰہی ، محمد عثمان رحمانی ، حافظ محمد عمر زمان ، شیخ احسن اعجاز سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ریلی سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینیوں پر بمباری انسانیت کے خلاف سنگین جرم ہے ۔ فلسطینی بھائی بہنوں پر ظلم کسی صورت قبول نہیں، اسرائیل کی جانب سے معصوم بچوں، جوانوں اور خواتین پر بمباری ناقابلِ برداشت ہے ۔غزہ کے فلسطینیوں کو خوراک ادویات اور دیگر ضروری اشیاء کی اشدضرورت ہے ، مسلم حکمران اس میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف مذمت کافی نہیں بلکہ عملی اقدامات ضروری ہیں۔ خاص طور پر اسرائیلی مصنوعات کا حکومتی سطح پر مکمل بائیکاٹ وقت کی اہم ضرورت ہے ۔اسرائیل کو معاشی طور پر کمزور کرنے کیلئے ان کی مصنوعات کا بائیکاٹ ضروری ہے ۔