انسانی سمگلنگ‘ویزہ فراڈ میں ملوث نا درا ایجنٹ سمیت 3گرفتار
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)ایف آئی اے گوجرانوالہ زون نے انسانی سمگلنگ، ویزہ فراڈ اور شہریوں کے ڈیٹا میں ٹمپرنگ و ردوبدل میں ملوث نادرا ایجنٹ سمیت 3ملزموں کو گرفتار کر لیا ۔۔
جن میں اطہر بٹ، زمان اکرم اور رؤف مسیح شامل ہیں ۔ملزم اطہر بٹ کو نارووال سے گرفتار کیا گیا ۔ملزم شہریوں کے ڈیٹا میں ٹمپرنگ‘ ردوبدل‘ فیملی ٹری میں مداخلت اور جعلی شناختی کارڈز کے اجرا میں ملوث پایا گیا ، ملزم کے ساتھ شامل نادرا آفیشل کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا رہا ہے ۔ایک اور کارروائی میں ملزم زمان اکرم کو گوجرانوالہ سے گرفتار کیا گیا ۔ملزم نے شہری کو کینیڈا ملازمت کی غرض سے بھجوانے کیلئے 92لاکھ روپے سے زائد ہتھیائے ۔ملزم شہری کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہا اور رقم وصول کرنے کے بعد روپوش ہو گیا ۔ ملزم رؤف مسیح کو نارووال سے گرفتار کیا گیا ۔ملزم نے شہریوں کو بیرون ملک ملازمت کا جھانسہ دے کر لاکھوں روپے ہتھیائے ۔ملزم نے شہری کو یو اے ای بھجوانے کیلئے 3لاکھ روپے وصول کئے۔