بڈیانہ اور سی آئی اے میں نئے سی سی ڈی پولیس سٹیشنز فعال
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ) شہریوں کو سہولت کی فراہمی کیلئے بڈیانہ اور سی آئی اے میں نئے سی سی ڈی پولیس سٹیشن قائم،سیالکوٹ پولیس نے شہریوں کی سہولت اور بہتر خدمات کی فراہمی کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ اس سلسلے میں، دو نئے سٹیٹ آف دی آرٹ سٹیزن کانٹیکٹ اینڈ ڈیلوری (سی سی ڈی) پولیس سٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
یہ نئے سٹیشن بڈیانہ اور سنٹرل انویسٹی گیشن ایجنسی سیالکوٹ میں فعال ہو گئے ہیں۔ان نئے سی سی ڈی پولیس سٹیشنوں کا مقصد شہریوں کو دوستانہ اور مؤثر ماحول میں پولیس سے متعلق اپنی شکایات درج کرانے ، معلومات حاصل کرنے اور مختلف خدمات سے مستفید ہونے کی سہولت فراہم کرنا ہے ۔ ان سٹیشنوں پر تربیت یافتہ اور پیشہ ور عملہ موجود ہوگا جو شہریوں کی رہنمائی اور مدد کریگا۔ڈی پی اوسیالکوٹ نے اس اقدام کو شہریوں اور پولیس کے درمیان بہتر تعلقات کے قیام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان نئے سٹیشنوں سے نہ صرف شہریوں کو آسانی ہوگی بلکہ پولیس کی کارکردگی اور جوابدہی میں بھی بہتری آئے گی۔