نوشہرہ :گیس کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ‘ کم پریشر‘ صارفین پر یشان
نوشہرہ ورکاں(تحصیل رپورٹر )موسم گرما میں بھی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘پر یشان صارفین نے لوڈشیڈنگ شیڈول میں فوری تبدیلی کا مطالبہ کر دیا۔
بتایا گیا ہے کہ نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور مسلسل کم پریشر نے صارفین کی زندگی کو مفلوج کر دیا ، موسم گرما کی آمد کے باوجود گیس کا لوڈشیڈنگ شیڈول بدستور موسم سرما والا چل رہا ہے جس سے گھریلو صارفین اور تاجر برادری شدید مشکلات کا شکار ہیں علاقہ میں صبح اور شام کے اوقات میں گیس کا پریشر اس قدر کم یا مکمل طور پر بند ہوتا ہے کہ کھانا پکانا بھی ممکن نہیں رہتا۔صارفین کا کہنا ہے کہ اب موسم گرما شروع ہو چکا ہے اور ان کے روزمرہ معمولات اور ضروریات کے اوقات بھی بدل چکے ہیں مگر محکمہ گیس تاحال سردیوں کا شیڈول استعمال کر رہا ہے جو موجودہ حالات سے مطابقت نہیں رکھتا۔خواتین کا کہنا ہے کہ کھانا پکانے کے لیے متبادل ایندھن جیسے ایل پی جی، لکڑی اور برقی آلات استعمال کرنا پڑ تے ہیں جس سے نہ صرف گھریلو اخراجات میں اضافہ ہو گیا ہے بلکہ کئی مرتبہ ان متبادل ذرائع کی دستیابی بھی ممکن نہیں ہوتی۔ تاجر برادری، بالخصوص ہوٹل مالکان کا کہنا ہے کہ گیس کی قلت نے ان کے کاروبار کو شدید دھچکا پہنچایا ہے ،ہوٹلوں میں کھانے کی تیاری میں تاخیر اور لاگت میں اضافے سے صارفین بھی متاثر ہو رہے ہیں ۔صارفین نے حکام سے فوری نو ٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔