خواتین اساتذہ شادی کے بعد تبادلے کی درخواست دینے کی اہل

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)اساتذہ کی تبادلہ جاتی پالیسی 2024 میں اہم ترامیم کی منظوری صوبائی کابینہ نے دے دی ہے ، جس کے تحت شادی، ہارڈشپ اور بین الاضلاعی تبادلوں سے متعلق نئے اصول و ضوابط نافذ العمل ہو چکے ہیں۔ترمیم شدہ پالیسی کے مطابق خواتین اساتذہ شادی کے بعد سال بھر کسی بھی وقت تبادلے کی درخواست دے سکتی ہیں۔
اس مقصد کے لیے نکاح نامہ، شوہر کا شناختی کارڈ اور نئی رہائش کا ثبوت فراہم کرنا لازم ہوگا۔ بین الاضلاعی تبادلے کے لیے متعلقہ ضلع کے سی ای اوسے منظوری اور این او سی حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے اور اگر کسی افسر کی جانب سے غلط یا دوہرا این او سی جاری کیا گیا تو اس کے خلاف سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ہارڈشپ کی بنیاد پر تبادلوں کی ترجیحی فہرست جاری کر دی گئی ہے جس میں درج ذیل زمرہ جات شامل ہیں ۔طلاق یافتہ / خلع یافتہ / بیوہ، معذور افراد، طبی بنیاد، شادی شدہ جوڑا وقتی طور پر واحد والد/والدہ اور شادی کے بعد تبادلہ شامل ہیں۔اگرایک ہی کیٹیگری کے تحت متعدد درخواستیں موصول ہوں تو ترجیح اُسے دی جائے گی جس کی موجودہ تعیناتی اور مطلوبہ سٹیشن کے درمیان فاصلہ زیادہ ہو۔