سینکڑوں عمارتیں،تجارتی مراکز فائر سیفٹی آلات سے محروم

سینکڑوں عمارتیں،تجارتی مراکز فائر سیفٹی آلات سے محروم

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)پنجاب حکومت کے ماتحت 3 محکموں کی غفلت اور بد عنوانی کے سبب سینکڑوں سرکاری وغیرسرکاری عمار تیں اور تجارتی مراکز فائر سیفٹی آلات سے محروم۔۔۔

آگ اوردیگر خونی حادثات بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا جبکہ قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے بھی کوئی حفاظتی انتظامات نہ ہوسکے ، بیشتر عمارتوں میں ایمرجنسی سیڑھیاں تک تعمیر نہیں کی گئیں، رواں سال کے دوران متعدد مقامات پر آگ لگنے کے واقعات رونما ہوچکے ۔محکمہ بلدیات ،محکمہ سول ڈیفنس ،محکمہ لیبر کی کوتاہی ،سرکاری اداروں کے کرپٹ افسروں ،اہلکاروں ،بلڈنگز انسپکٹروں کی غفلت کے باعث پورے شہری علاقوں میں سینکڑوں کمرشل عمارات فائر سیفٹی آلات سے محروم ہیں جبکہ زلزلہ سے بچاؤ و دیگر حادثات کی روک تھام کیلئے کسی قسم کے حفاظتی انتظامات نہیں کرائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق کمرشل عمارتوں اور صنعتی اداروں میں ہر وقت آتشزدگی و دیگر حادثات کے خطرات موجود رہتے ہیں ۔ صنعتی وتجارتی اورمزدورتنظیموں کے عہدیداروں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا کہ عمارتوں میں حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد نہ کرانے والے افسروں اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جائے اور فائر پروف فائر سیفٹی آلات و دیگر ضروری انتظامات اور ایمرجنسی سیڑھیاں تعمیر کرائی جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں