علی پور چٹھہ:مریم نواز ہسپتال کو تالے ،تمام ڈاکٹر ز غائب

علی پور چٹھہ:مریم نواز ہسپتال کو تالے ،تمام ڈاکٹر ز غائب

چلڈرن پارک میں لائٹس غیر فعال، واش رومز کی حالت غیر تسلی بخش قرار شہر میں صفائی کی حالت ابتر ، اے سی کا اچانک دورہ ، محکموں کی نا اہلی بے نقاب

علی پور چٹھہ(تحصیل رپورٹر)اسسٹنٹ کمشنر وزیرآباد جواد حسین پیرزادہ کا علی پور چٹھہ کا اچانک دورہ۔ تمام محکموں کی نااہلی، سستی اور غفلت کا پول کھل گیا۔ مریم نواز ہسپتال سمیت مختلف اداروں کی ناقص کارکردگی بے نقاب ہو گئی۔ اسسٹنٹ کمشنر جواد حسین پیرزادہ مریم نواز ہسپتال پہنچے تو حیران کن طور پر تمام ڈاکٹرز غائب پائے گئے ، جبکہ رجسٹرڈ میں 7 ڈاکٹرز کے نام درج تھے ۔مریضوں کا علاج ڈسپنسرز اور سویپرز کے ذریعے کیا جا رہا تھا ۔ سنگین غفلت پر سی ای او ہیلتھ کو محکمانہ کارروائی کیلئے خط لکھ دیا گیا جبکہ تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل عملے کو وضاحت کیلئے دفتر طلب کر لیا گیا۔دوسری جانب مریم نواز ہسپتال رسول نگر مکمل طور پر بند پایا گیا جس کے تمام داخلی دروازے مقفل تھے ۔ اس غفلت پر انچارج ہسپتال کو براہِ راست ذمہ دار قرار دے دیا گیا۔چلڈرن پارک میں نصب لائٹس غیر فعال اور درختوں کی باقیات و مٹیریل بکھرا ہوا پایا گیا۔ دو دن کے اندر صفائی مکمل کرنے اور پارک کی دیواروں و جھولوں کی پینٹنگ کرنے کا حکم دیا۔عوامی واش رومز کی حالت غیر تسلی بخش قرار دی گئی ۔گورنمنٹ گرلز ہائی سکول علی پورچٹھہ میں کئی کلاس رومز میں پنکھے اور لائٹس غیر فعال پائے گئے ۔ واش رومز کی صفائی ناقص اور پانی کے نل غائب تھے ۔ علی پور چٹھہ شہر میں صفائی کی مجموعی صورتحال غیر تسلی بخش قرار دی گئی۔ فروٹ و سبزی منڈی میں 15 دکانیں الاٹ ہونے کے باوجود 150 سے زائد افراد غیر قانونی طور پر کاروبار کرتے پائے گئے ۔مرکزی سڑک پر تجاوزات بھی موجود تھیں ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے اے سی نے کہا کہ عوامی خدمت کے اداروں میں غفلت یا لاپروا ئی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں